Sunday, May 28, 2017

حرف اکادمی پاکستان کے زیرِ اہتمام ’’پلک بسیرا‘‘ کی تقریبِ رونمائی

مورخہ ۲۳ مئی بروز منگل حرف اکادمی کے زیرِ اہتمام نوجوان افسانہ نگار میمونہ صدف کے پہلے افسانوی مجموعہ ’’پلک بسیرا‘‘ کی تقریبِ رونمائی آرٹس کونسل راولپنڈی میں ہوئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قاری اسد اللہ نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا جبکہ حرا ملک نے حمد اور محمد ساجد حامی نے نعت کی سعادت حاصل کی۔ ملک عرفان خانی نے نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ ڈاکٹر اعظم رضا اور حمید شاہد اس محفل کے مہمانانِ خصوصی تھے اور مسندِ صدارت پہ چیئرمین مقتدرہ قومی زبان معروف شاعر و ادیب افتخار عارف تشریف فرما تھے۔ جن اصحاب نے تقریب سے خطاب کیا اُن میں نعیم قریشی، افشاں عباسی، جاوید اقبال، اعجاز خان، کرنل سید مقبول حسین، اعظم رضا، حمید شاہد اور صدرِ مجلس افتخار عارف کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ مقررین نے کتاب کو افسانوی ادب میں خوشگوار اضافہ قرار دیا اور میمونہ صدف کے اس پہلے قدم کو مبارک سمجھا گیا۔ صدرِ مجلس افتخار عارف نے کہا ’’میمونہ صدف نے اپنی کہانیوں میں معاشرے میں درپیش مسائل کو خوب صورتی کے ساتھ عام فہم انداز میں خوش اسلوبی سے قلمبند کیا ہے‘‘۔ تقریب میں جڑواں شہروں سے تخلیق کاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔



No comments:

Post a Comment